لاہور ( آن لائن ) لاہور میں پولیو وائرس کا خطرہ سنگین صورت اختیار کر گیا ۔ شہر کے تمام سیوریج نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔قومی ادارہ صحت کے مطابق اگست میں لئے گئے تمام سیوریج نمونوں میں پولیو وائرس موجود پایا گیا ہے۔نمونے آؤٹ فال روڈ، محمود بوٹی، گلشن راوی اور ملتان روڈ ڈسپوزل اسٹیشن سے حاصل کئے گئے تھے، جن میں وائرس کی موجودگی ثابت ہوئی۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو سال سے لاہور پولیو وائرس سے پاک نہیں ہو سکا جس سے محکمہ صحت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑے ہو گئے ہیں۔ بار بار چلائی جانے والی پولیو مہم کے باوجود لاہور کو تاحال پولیو سے پاک نہیں کیا جا سکا۔