کراچی (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستانی سفارتکار صائمہ سلیم نے بھار ت کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت دہشتگردوں کی مالی و عسکری سرپرستی، کشمیر میں ظلم چھپا نہیں سکتا، انڈیا دنیا کا واحد ملک ہے جو دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کررہا ہے،پاکستانی سفارتکار صائمہ سلیم نے کہا کہ ہر سال انڈیا جھوٹ کے انبار لے آتا ہے ، یہ فورم دہشت گردی کی ریاستی سرپرستی کرنے والے ملک کا کوئی لیکچر سننے کا محتاج نہیں۔ اقوام متحدہ میں بھارتی نمائندے نے اپنے خطاب میں ٹرمپ کے جنگ بندی دعوے کوجھوٹ قرار دیکر مسترد کردیا۔ بھارتی نمائند نے پاکستان سے دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے اور مطلوب افراد کو حوالے کرنے کی ضد اور ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کسی بھی مفاہمت یا سمجھوتے میں کسی تیسرے فریق کی کوئی گنجائش نہیں۔ صائمہ سلیم نے بھارت کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا پاکستان میں دہشت گردوں کی سرپرستی، پورے خطے میں خفیہ نیٹ ورکس اور انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں اپنے ظلم و جبر کو چھپا نہیں سکتا۔