کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) اس ماہ مناما بحرین میں ہونے والے ایشین یوتھ گیمز میں شرکت سے قبل ہی پاکستانی دستے کا اعلان معمہ بن گیا، پی ایس بی اور پی او اے ایشیائی ایونٹ سے قبل بھی ایک پیج پر نہیں آسکی،پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے دستے کے ارکان کی تعداد102بتائی ہے جبکہ پی ایس بی نے گیمز میں حصہ لینے والے دستے کے ارکان کو53رکنی بتایا ہے،تاہم دونوں کے اعلان کردہ دستےمیں خوش قسمتی سے دستے کے چیف ڈی مشن وزیراعظم یوتھ پروگرام کے سربراہ رانا مشہود احمد ہیں، پی ایس بی کے مطابق پاکستان 8کھیلوں میں حصہ لے گا جبکہ پی او اے نے کھیلوں کی تعداد15سے زائد بتائی ہے،،پی او اے نے موجودہ صورت حال پر وزارت بین الصوبائی رابطے کے حکام سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے،پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بحرین میں 22سے 31 اکتوبر تک ہونے والے تیسرے ایشیائی یوتھ گیمز میں 53 رکنی پاکستانی دستے کی شرکت کی باضابطہ منظوری دی ہے۔یہ منظوری وزارت بین الصوبائی رابطہ اور وزارت خارجہ کی کلیئرنس کے بعد دی گئی ہے، تاہم اس کی حتمی اجازت وزارت داخلہ کی منظوری سے مشروط ہوگی۔