پشاور( کرائم رپورٹر) تھانہ مچنی گیٹ کی حدود میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے اندھے قتل کا معمہ حل ہو گیا ہے ٗقاتل ساتھی پولیس افسر کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ایس ایس پی آپریشنز پشاور مسعود احمد بنگش نے پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ سات اور آٹھ ستمبر کی درمیانی شب کو تھانہ پہاڑی پورہ میں تعینات اے ایس آئی صفدر خان کی تھانہ مچنی گیٹ کی حدود میں کھیتوں سے لاش ملی تھی جس کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا تھا پولیس نے سائنسی خطوط پر تفتیش کا آغاز کیا اوراس دوران مقتول کے ساتھ پولیس افسر ثناء اللہ کو شامل تفتیش کیا تو پولیس کو معلوم ہوا کہ صفدر خان کو اپنے ساتھی اے ایس آئی ثناء اللہ نے ساتھی جواد کی مدد سے قتل کیا ہے پولیس نے ثناء اللہ اور جواد کو گرفتار کر لیا ٗانہوں نے بتایا کہ ملزم جواد نے عدالت میں اقرار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس نے ثناء اللہ کی مدد سے صفدر کو قتل کیا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ثناء اللہ کے بھائی عطاء اللہ کی منگنی ہوئی تھی اور بعدازاں رشتہ ختم ہو گیا تھا ٗصفدر خان اور ثناء اللہ دوست بھی تھے اور ایک کمرے میں رہائش پذیر بھی تھے ثناء اللہ کو شبہ تھا کہ صفدر اس کے بھائی کے سابق سسر سے ملا ہے اور اس کے ایماء اسے قتل کرے گا اسی شک کی بناء پر ثناء اللہ نے صفدر کو قتل کیا ۔