کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈم مارکرم کی قیادت میں جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے بدھ کی صبح دو حصوں میں لاہور پہنچ رہی ہے۔ ہوم ٹیم اپنے اسپنر نعمان علی، ساجد خان، ابرار احمد،اور آصف آفریدی کے ساتھ مہمان ٹیم پر حملہ آور ہونا چاہتی ہے۔اسپن سے مقابلے کیلئے پروٹیز نے دفاعی پلان تیار کیا ہے۔ پاکستان روانگی سے قبل جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم نے اسپن کو کھیلنے کے لئے خصوصی توجہ دی۔ پریٹوریا میں ٹیسٹ ٹیم کا مختصر کیمپ لگایا گیا ۔ بیٹرز نے اسپنرز کے خلاف مہارت حاصل کرنے کیلئے خود کو تیار کیا ۔ کپتان ایڈم مارکرم نے کہا کہ آپ ہوم گرائونڈ پر کھیل رہے ہوں تو جیسی چاہیں آپ وکٹ تیار کرتے ہیں ، مجھے لگتا ہے کہ پاکستان میں اسپنرز کیلئے سب کچھ ہو گا، ایسی پچز پر دونوں ٹیموں کے بیٹرز کیلئے مشکل پیش آتی ہے۔ ہم اپنے اسکواڈ سے خوش ہیں ، کنڈیشنز جیسی بھی ہوں ہمیں اپنا کام کرنا ہے ، ہمارے پاس تین اسپنرز ہیں ، وہ چیلنج کرتے ہیں ، ان کا رول اہم ہو گا ۔ پہلا ٹیسٹ اتوار سے لاہور میں شروع ہو گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم سیریز کی تیاریوں کیلئے لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ میں تربیتی کیمپ میں شرکت کررہی ہے۔ دو کھلاڑی کپتان شان مسعود اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ساتھ کھلاڑی ابرار احمد کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے بعد پیر کی شب لاہور پہنچ گئے تھے۔ بابر اعظم نے بیٹنگ پریکٹس کے بعد نیٹس پر اسپن بولنگ کی۔ دریں اثنا پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت منگل سے شروع ہوگئی۔ لاہور اور راولپنڈی ٹیسٹ میچز کے لیے جنرل، فرسٹ کلاس، پریمیئم اور وی آئی پی انکلوژرز میں داخلہ مفت رکھا گیا ہے۔