پشاور(جنگ نیوز) زرعی یونیورسٹی پشاور میں سول سروسز اکیڈمی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت کی صدارت میں یونیورسٹی کے طلباء کے لئے سی ایس ایس امتحانات میں حصہ لینے کے حوالے سے ایک سیشن کا اہتمام کیا جس میں سول سروسز اکیڈمی، گورنمنٹ آف پاکستان، لاہور کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ، ڈائریکٹر سول سروسز اکیڈمی (سٹی ٹی پی/سی پی)، لاہور ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی نے شرکت کی۔رجسٹرار ڈاکٹر رضوان احمد نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے سیشن کے انعقاد کے مقاصد بیان کئے۔وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت نے مہمانوں اور دیگر شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یونیورسٹی کے طلباء میں کافی ٹیلنٹ موجود ہیں، فارغ التحصیل طلباء مقابلے کے امتحانات میں حصہ لیتے ہیں اور کامیاب ہوکر ملک و قوم کی خدمت کررہے ہیں۔ انہوں نے اس سیشن کے انعقاد کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سیشنز انتہائی اہم اور ضروری ہے تاکہ طلباء کو مقابلے کے امتحانات میں حصہ لینے کی رہنمائی مل سکے۔ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں کافی ٹیلنٹ موجود ہیں، ہر شعبے کے گریجویٹس مقابلے کے امتحانات میں حصہ لیتے ہیں، سول سروسز ملکی ترقی میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور زندگی کی ہر شعبے میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔