• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی اور اسلام آباد میں تجارتی سرگرمیاں معطل، انٹرنیٹ سروس بند، فیض آباد کے مقام پر پولیس تعینات

اسلام آباد، لاہور، گجرات (نمائندگان جنگ، ایجنسیاں) مذہبی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے باعث دوسرے روز بھی راولپنڈی اور اسلام آباد میں معمولات زندگی بری طرح متاثر رہی،راستوں کی بندش کے باعث جڑواں شہروں میں تجارتی سرگرمیاں بھی معطل رہیں ،ایکسپریس وے، فیض آباد اور آئی جی پی روڈ بھی مکمل طور پر بندہے،ایئرپورٹ جانے والے راستے سیل، جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس دوسرے روز بھی معطل رہا، جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس دوسرے روز بھی معطل ، فیض آباد کے مقام پر پولیس فورس تعینات، تمام ریسٹورنٹس اور ہوٹل سیل گجرات میں دریائے چناب پل کے قریب اورجی ٹی روڈ پر کھاریاں اور سرائے عالمگیر کے مقامات پر بھی خندقیں کھود دی گئیں، قافلوں کو اسلام آباد جانے سے روکنے کیلئے لاہور سمیت کئی شہرمیں کنٹینر لگا دیئے گئے ہیں، ادھر مریدکے جی ٹی روڈ کی صنعتی آبادی کالا شاہ کاکو میں تحریک لبیک کے کارکنوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تصادم کے نتیجے میں تحریک لبیک کے دو کارکن قمر زمان اور طلحہٰ جاں بحق ہوگئے، تصادم میں ایس ایچ او فیروزوالہ رانا سرور چوکی انچارج منوں آباد سمیت دو درجن سے زائد پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے، ٹی ایل پی سربراہ علامہ سعد رضوی نے کا کہنا ہے کہہمارے پرامن نہتے کارکنوں پر گولیاں برسائی گئیں جس میں کئی کارکن جاں بحق ہوئے انکی لاشیں غائب کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق مذہبی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے باعث دوسرے روز بھی راولپنڈی اور اسلام آباد میں معمولات زندگی بری طرح متاثر رہی،جڑواں شہروںراستوں کی بندش کے باعث تعلیمی ادارے بھی بند رہے۔لاہور میں داخلے کا سگیاں پل کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا، راوی پل کی شاہدرہ جانے والی سڑک پر بھی کنٹینر لگا دیا گیا، پرانے راوی سے لاہور کی طرف آنے والی سڑک بھی بند کر دی گئی۔لاہور پریس کلب اورملحقہ علاقوں میں متعدد کنٹینرز موجود رہے جس سے شہریوں کو ضروری کاموں کے سلسلے میں آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ لاہورسے اسلام آباد موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رکھاگیا، اسلام آباد سے لاہور آنے والی موٹروے کو بھی ٹریفک کیلئے بند رکھاگیا ، جی ٹی روڈ چناب ٹول پلازہ کے قریب کنٹینرز لگا کر سڑک کو آمدورفت کے لیے مکمل بند کردیا گیا، خانکی بیراج ٹول پلازہ پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں جبکہ سیالکوٹ ائیرپورٹ جانے والے راستے بھی مکمل بند رہے، گجرات میں دریائے چناب پل کے قریب خندق کھود دی گئی، دریائے چناب پل پر ٹرک اور کنٹینر لگا کر لاہور اور اسلام آباد جانے والی ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی گئی،جی ٹی روڈ پر کھاریاں اور سرائے عالمگیر کے مقامات پر بھی خندقیں کھود دی گئیں، خانپور ہزارہ میں سرحدی چوکی جنڈیال دوسرے روز بھی بند رہی۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والی جی ٹی روڈ کو ٹریلر اور کنٹینر لگاکر بند کیا گیا ہے ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے لاہور جانے والے تمام راستے بند رہے،ایم فور موٹر وے کولاہور کی جانب ٹریفک کیلئے بند رکھاگیا اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ادھر سیالکوٹ کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی نفری تعینات رہی۔ نوشہرہ ورکاں سے نامہ نگار کے مطابق یہاں انتظامیہ کی جانب سے شہر کی شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے راستے بند کردیے گئے ہیں ۔راستوں کی بندش کے باعث، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، لاہور و دیگر شہروں کوجانامشکل ہوگیا ہے۔ گجرات میں تحریک لبیک پاکستان کے احتجاج کو روکنے کیلئے مختلف مقامات پر خندقیں کھود دی گئیں۔

اہم خبریں سے مزید