کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور جنوبی افریقا کا دوسرا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں چوتھی اننگز میں کسی ٹیم نے میچ جیتنے کیلئے 208 سے زائد رنز نہیں بنائے ہیں۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن کو277 رنز مشکل ہدف ملا، کھیل ختم ہونے پر دوسری اننگز میں دو وکٹ پر51رنز بنائے تھے۔ اسے مزید226 رنز اور پاکستان8 وکٹ درکار ہیں ۔ نعمان علی نے11اوورز میں20رنز دے کر د ووکٹ حاصل کئے۔پہلی اننگز کے سنچری میکر ٹونی زورزی16اور رائن ریکلٹن 29رنز پر کریز پر موجود ہیں ۔ منگل کو تیسرے دن متھوسامی نے کیریئر کے بہترین میچ کے اعداد و شمار کے ساتھ 174 رنز کے عوض 11 وکٹ لیے ۔ انہوں نے دوسری اننگز میں57رنز دے کر پانچ اور سائمن ہارمر نے51رنز دے کر چار شکار کیے ۔پاکستان کے آخری چھ وکٹ 17رنز پر گرے۔ اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم 109 رنز کے خسارے کے ساتھ لنچ سے پہلے269 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ ٹونی ڈی زورزی 104 ، رائن ریکلٹن نے 71 رنز بنائے۔ نعمان علی نے112رنز دے کر چھ اور آف اسپنر ساجد خان نے98رنز دے کر تین وکٹ حاصل کیے۔ پاکستان کی دوسری اننگزمیں امام الحق اور شان مسعود بالترتیب صفر اور 7 ، عبداللہ شفیق 41 ، بابراعظم 42 ، سعود شکیل 38، محمد رضوان 14، سلمان علی آغا 4، شاہین آفریدی صفر، نعمان علی 11 اور ساجد خان ایک رنز بناسکے۔ ایک موقع پر پانچ وکٹ 150رنز پر گرے تھے۔ چائے کے وقفے کے بعد پوری ٹیم 167 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔