• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی ٹیسٹ، جنوبی افریقا کی کروٹ، پاکستان پر شکست کے بادل، صرف 23 رنز کی برتری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا کی کروٹ کے بعد خراب فیلڈنگ ، ناقص بولنگ اور غیر ذمے دارانہ بیٹنگ کی وجہ سے پاکستان پرپنڈی ٹیسٹ میں شکست کے بادل منڈلا رہے ہیں ۔ ربادا، متھو سوامی، کیشو مہاراج نے کمال کردیا۔پاکستانی ٹیم اننگز کی شکست سے بچ گئی لیکن اب بابر اعظم، محمد رضوان اور سلمان علی آغا تمام تر امیدوں کا مرکز ہیں ۔ پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھیانک خواب تھا ، صرف 16 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 9، عبداللہ شفیق 6 اور کپتان شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم اور سعود شکیل کے درمیان 44 رنز کی شراکت سے ٹیم کچھ سنبھلی ہی تھی کہ سعود شکیل 11 بناکر پویلین لوٹ گئے۔ سائمن ہارمر نے 3 اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل مہمان سائیڈ کے235رنز پر8وکٹ لے کر ہوم ٹیم اچھی پوزیشن میں تھی۔ لیکن اس کے بعد پانسہ پلٹ گیا۔ سلمان آغا، امام الحق اور آصف آفریدی نے کیچ جبکہ محمد رضوان نے اسٹمپڈ چھوڑا، ایک رن آئوٹ بھی ضائع ہوا۔ لیفٹ اسپنر آصف آفریدی نے79رنز دے کرچھ، نعمان علی نے92 رنز دے کر دو، شاہین آفریدی نے95 اور نعمان علی 119رنز دے کر ایک ایک وکٹ لی۔ کپتان 111 اوورز کے بعد سلمان کو بولنگ کیلئے لائے۔ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے دوسری اننگز میں چار وکٹ پر94رنز بناکر23رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ بابر اعظم 49اور محمد رضوان 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقی بیٹرز نے نویں اور دسویں وکٹ پر سخت مزاحمت کی ۔ پاکستان کے پہلی اننگز کے اسکور333رنز کے جواب میں 404رنز بناکر برتری 71 رنز حاصل کرلی۔ سینوران متھوسامی اور ربادا نے کیریئر کا بہترین اسکور بنایا ۔ ربادا نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ففٹی صرف 38 گیندوں پرمکمل کی۔ بدھ کو پہلے سیشن میں 50 رنز پر 4 وکٹ گنوانے کے بعد جنوبی افریقا نے کروٹ لی ۔ متھو سوامی نے کیشو مہاراج کے ساتھ 71 اورآخری وکٹ پر ربادا کے ساتھ 98رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ 1998 میں ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے بعد یہ صرف دوسرا موقع ہے جب نویں اور دسویں وکٹ نے پچاس سے زیادہ کی شراکت قائم ہوئی۔ تیسرے دن جنوبی افریقہ نے 4 وکٹ پر 185 رنز سے کھیل کا آغاز کیا، تو پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر 10بنانے والے کائل ویرینے آصف آفریدی کی گیند پر رضوان کا کیچ بن گئے۔ اگلی کامیابی ٹرسٹن اسٹبس کی صورت ملی، انہیں آصف نے 76 پر ایل بی ڈبلیو کیا ۔ سائمن ہارمر ان کا اگلا شکار بنے۔ 38سال کی عمر ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے لیفٹ آرم آف اسپنر آصف آفریدی اپنے پہلے ہی میچ میں 5 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوگئے۔ نعمان علی نے مارکو جینسن کو ایل بی ڈبلیو کرکے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کرلی، متھو سوامی نے پاکستان کے خلاف پہلی نصف سنچری بنائی۔ کیشو مہاراج 30 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوگئے۔ دسویں وکٹ کیلئے سینوران متھو سامی اور کگیسو ربادا نے 98 رنز کی شراکت قائم کی، 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71رنز بنانے والے کگیسو ربادا آصف آفریدی کی گیند پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ متھوسوامی 8 چوکوں کی مدد سے 89 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسپورٹس سے مزید