ہنگو، کوہاٹ، لکی مروت (نمائندگان جنگ) ہنگو میں بم حملوں کے نتیجے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت 3پولیس اہلکار شہید ہوگئے، سیکورٹی فورسز کی ہنگو اور ٹانک میں کارروائیوں میں 10دہشت گرد ہلاک ہوگئے، پولیس نے ہنگو میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2دہشت گرد وں کو جہنم واصل کردیا، آئی ایس پی آر کے مطابق ٹانک میں بھارتی اسپانسرڈ فتنۂ خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 8دہشت گرد ہلاک ہوگئے، آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، دہشت گرد سیکورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کیخلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکورٹی فورسز کو کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین اور ہنگو واقعے میں شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔