پشاور (ارشد عزیز ملک) خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جب دہشت گردوں نے پولیس کی گاڑی کو آئی ای ڈی کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایس پی آپریشنز ہنگو اسد زبیر اور ان کے دو اہلکار شہید ہو گئے۔ جبکہ دو جوان زخمی ہو گئے پولیس ذرائع کے مطابق پولیس افسران نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایس پی اسد زبیر کے پاس بلٹ پروف گاڑی ہوتی تو شاید وہ زندہ بچ جاتے۔ ایک سینیئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ فیلڈ افسران کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں نہ ہونے سے جانی نقصان بڑھتا جا رہا ہے۔ آئی جی ذوالفقار حمید نے جنگ کو بتایا کہ پولیس کے افسروں اور جوانوں کی زندگی بچانے کے لئے بلٹ پروف گاڑیوں اور جیمرز کی خریداری شروع کی گئی ہےمقامی حلقوں نے بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے حال ہی میں وفاق سے ملنے والی تین گاڑیاں یہ کہہ کر واپس کر دی تھیں کہ یہ پرانی گاڑیاں ہیں۔