• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلزپارٹی کا آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کا اعلان، صدر زرداری نے تحریک عدم اعتماد لانے کی منظوری دیدی

اسلام آ باد (طاہر خلیل+رانا غلام قادر+افضل بٹ) صدرپاکستان آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں تحریک عدم اعتماد لانے اور حکومت بنانے کی منظوری دیدی، پی پی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان کے اجلاس، پہلے سیشن کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو جبکہ دوسرے سیشن کی صدر زرداری نے کی، اجلاس میں سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی غور اور ان ہائوس تبدیلی کا فیصلہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا، پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق مستعفی نہ ہوئے تو عدم اعتماد کیلئے نمبرز پورے کرلئے ہیں، پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنا نے کا فیصلہ کرلیا ہے،چوہدری یاسین اور چوہدری لطیف اکبر وزارت اعظمیٰ کے مضبوط امیدوار ہیں، تاہم وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی نامزدگی کا باضابطہ اعلان چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری منگل کے روزکرینگے۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم آزا کشمیر کی نامزدگی سے قبل ن لیگ صدر شہباز شریف کی طرف سے قائم کردہ احسن اقبال، امیر مقام اور رانا ثنااللہ پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیرصدارت اجلاس میںچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان کی شرکت۔پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنا نے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تاہم وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی نامزدگی کا باضابطہ اعلان چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری منگل کے روزکرینگے۔چوہدری یاسین اور چوہدری لطیف اکبر وزارت اعظمیٰ کے مضبوط امیدوار ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ کی شام ایوانِ صدر میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیرصدارت ہوا جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اجلاس میں شریک تھے۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی چوہدری یاسین کی قیادت میں اجلاس میں شریک ہوئی۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت اجلاس میں سیاسی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں فریال تالپور، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ‘ چوہدری محمد یاسین، فیصل ممتاز راٹھور، چوہدری لطیف اکبر، سردار جاوید ایوب اور سردار محمد یعقوب خان ‘ میاں عبدالوحید، جاوید اقبال بڈھانوی، سید باذل نقوی، سید ضیاء قمر، چوہدری قاسم مجید اور چوہدری عامر یاسین ‘ عامر غفار لون، چوہدری علی شان، جاوید بٹ، رفیق نیر، سردار احمد صغیر، نبیلہ ایوب اور چوہدری پرویز اشرف ‘سردار قمر زمان، چوہدری محمد ریاض اور سردار تنویر الیاس خان بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطا بق آزدا کشمیر کی وزارت عظمی کیلئے چوہدری یاسین اور چوہدری لطیف اکبر کے نام صدر آصف زرداری کو پیش کردئیے گئے۔ ان دونوں میں سے ایک کا حتمی انتخاب کیا جا ئیگا تاہم قوی امکان یہ ہے کہ چوہدری یاسین امیدوار ہونگے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی۔صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین نے ایوان صدر کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اجلاس میں تفصیلی اور سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ چوہدری یاسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی حکومت بنائے گی۔ یہ حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے نئے وزیر اعظم کا اعلان کر ینگے۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کے تمام ارکان اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس کے پہلے سیشن کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی۔دوسرا سیشن صدر مملکت اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت ہوا۔اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی پر تفصیلی غور کیا گیا۔پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے نئی حکومت بنانے کا فیصلہ کر لیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان کریں گے۔ ایوان صدر کے اعلامیہ کے مطا بق آزاد جموں و کشمیر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے پارلیمانی رہنماؤں نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پارٹی کے کردار سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلز پارٹی خواتین وِنگ کی صدر فریال تالپور اور دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔

اہم خبریں سے مزید