کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی انتظامیہ کے زیر اہتمام پیر کو مزار قائد اعظم پر کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ27اکتوبر 1947تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ، ہمارے دل ان کے لئے دھڑکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کشمیر ی عوام کا حق ہے ، ریلی میں صوبائی وزیر اوقاف ریاض شیرازی ایڈیشنل کمشنر کراچی غلام مہدی شاہ ،ڈپٹی مئیر سلمان مراد ،حریت کانفرنس کے رہنما شیخ عبد المتین بٹ ،ضلعی انتظامیہ کے افسران بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل کمشنر افضل زیدی اور بڑی تعداد میں اسکو لوں کے طلبہ نے شرکت کی، ریلی پیپلز سیکریٹریٹ سے شروع ہوکر مزار قائد اعظم پر اختتام پذیر ہوئی ، دریں اثنا یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے کے ایم سی بلڈنگ، ایم اے جناح روڈ پر نکالی جانے والی ریلی میں وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر نجمی عالم، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد،جمن دروان، اسلم سموں، افتخار تنولی، خلیل ہوت، سٹی کونسل اراکین، چیئرمینز، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و ملازمین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی میں پاکستان کے عوام ان کے شانہ بشانہ ہیں۔علاوہ ازیں کے ڈی اے اور ٹاونز کے زیر اہتمام یوم سیاہ کشمیر پر یکجہتی ریلی کا اہتمام کیا گیا،اس موقع پر کے ڈی اے کے دفاتر، سوک سینٹر اور متعلقہ اداروں میں بھی خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں جبکہ صدر ٹاؤن، گلبرک ٹاؤن او ر صفورا ٹاؤن کی جانب سے یوم سیاہ کشمیریکجہتی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔