• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر مظالم جاری، مقبوضہ کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت، صدر مملکت، گلگت کی تقریب جشن آزادی سے خطاب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر مظالم جاری ہیں، مقبوضہ کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت ہے ،انڈیامیں بھی مسلم اکثریتی علاقوں میں انہیں اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، گلگت بلتستان کو ترقی ، انصاف اور برابری کی مثال بنانے کےلئے ہم سب کو اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کرنا چاہئے ،گلگت بلتستان میرا دوسرا گھر ہے، یہاں کے بہادر لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کیا،گلگت بلتستان میں معدنیات اور سیاحت کے بے شمار مواقع موجود، سی پیک سے ترقی کے مزید مواقع پیدا ہوئے۔وہ ہفتہ کو گلگت بلتستان کے 77ویں یومِ آزادی کے موقع پرآرمی ہیلی پیڈ گراؤنڈ گلگت میں منعقدہ مرکزی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے جنگِ آزادی گلگت بلتستان کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت سے پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو خصوصی اہمیت دی۔ بھٹو نے ایف سی آر ختم کیا، قانون ساز اسمبلی، گورنر اور وزیر اعلیٰ کا نظام متعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں معدنیات اور سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ سی پیک سے پاکستان اور چین کی دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے اور ترقی کے مزید مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ہفتہ کو گورنر ہاؤس گلگت میں پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدرِ مملکت نے پارٹی کارکنوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی شکایات کے ازالے کے لیے صدرِ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان ایک وفد تشکیل دے کر ان سے ملاقات کریں، وہ خود ان مسائل کا حل نکالیں گے۔صدرِ زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے قائدین نے ہر دور میں گلگت بلتستان کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، گلگت بلتستان لوگوں کے لیے نیا ہوگا، ہمارے لیے نہیں۔ قبل ازیں اپنے خطاب میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحت اور تعلیم کو اپنی ترجیحات میں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70برسوں سے گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یہ خطہ نہ صرف ہمارے سر کا تاج ہے بلکہ چین کے ساتھ پاکستان کے زمینی رابطے کا ذریعہ بھی ہے جس سے ملک میں خوشحالی آئی ہے۔ صدر نے کہا کہ یکم نومبر نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے پاکستان کا یومِ آزادی ہے۔اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔

اہم خبریں سے مزید