• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائد اعظم ٹرافی: سیالکوٹ اور فیصل آباد نے حریفوں کو زیر کرلیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے چوتھے اور آخری دن سیالکوٹ نے ایبٹ آباد کو 9 وکٹ، فیصل آباد نے پشاور کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاٹا اور اسلام آباد کا میچ ڈرا ہوگیا۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں پشاور کی ٹیم دوسری اننگز میں 227 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ افتخار احمد نے 61 رنزا سکور کیے۔ آفاق آفریدی نے 55 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ فیصل آباد نے 164 رنز کا ہدف تین وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ عتیق الرحمن 65، عاصم علی ناصر نے ناٹ آؤٹ 62 رنز بنائے۔ فہم الحق پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد کی ٹیم فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں342 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شاہ زیب خان نے 131 اور خالد عثمان نے 83 رنز بنائے ۔ 49 کا ہدف سیالکوٹ نے ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔ محمد حسنین میچ میں سات وکٹوں کی عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں فاٹا کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف دوسری اننگز میں 378 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس میں خوشدل شاہ کے 159 اور محمد سرور کے 89 رنز قابل ذکر تھے۔ اسلام آباد کو 228 رنز کا ہدف ملا تھا۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے ایک وکٹ پر 160رنز بنائے تھے۔حمزہ وحید 76 اور شامل حسین نے 69 رنز اسکور کیے۔