پشاور، ہنگو( نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکے کے باعث ایک اہلکار شہید ہوگیا، ادھر ہنگو میں پولیس قافلے پر حملہ میں ایس ایچ او سمیت 3پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، ایس پی آپریشن ، ایس ایچ او عمران الدین نفری کے ہمراہ واپس جارہے تھے جب گاڑی میں نصب بم سے ٹکرا گئی، جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکا ہوا ہے۔اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہوئے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشنز پشاور نے کہا کہ دھماکے سے عمارت کے ایک حصے کو نقصان پہنچا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تھانے میں موجود ملزمان کو سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز منتقل کر دیا گیا ہے۔ادھر ہنگو کے علاقے دوابہ میں پولیس کے قافلے پر دہشت گردوں نےحملہ کردیا ، ایس ایچ او دوابہ سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، ایس پی آپریشن ایس ایچ او عمران الدین نفری کے ہمراہ واپس آرہےتھے، انکی گاڑی نصب بم سےٹکراگئی۔ ہنگو کے علاقے دوابہ میں ایس پی آپرشن عبد اصمد خان ،ایس ایچ او عمران الدین پو لیس نفری کے ہمراہ کر بوغہ میں امن اجلاس کے انعقاد کے بعد واپس آرہےتھے کہ راستےمیں میں نامعلوم افرادنے بم نصب کیا تھا جس سےگاڑی ٹکراگئی ، زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او عمران الدین اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال میں منتقل کردیا گیا ، تینوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، علا قےمیں سرچ آ پریشن شروع کردیاگیا۔