اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سرحد پار سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے خطرے کا سامنا ہے صدر مملکت نے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسے 240 ملین پاکستانیوں کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ،سماجی انصاف ، جامع ترقی ،عالمی یکجہتی کیلئے پاکستان پر عزم ہے ، پائیدار ترقی کیلئے پاکستان کا وژن دوحہ اعلامیہ کی روح سے ہم آہنگ ہے ، صدر مملکت منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سماجی ترقی کے لیے دوسری عالمی سربراہی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔صدر مملکت نے دوحہ سیاسی اعلامیہ کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعیت اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کا وژن دوحہ اعلامیہ کی روح سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوام کو پالیسی کے مرکز میں رکھنے پر ثابت قدمی سے کاربند ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان کی ترقی کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حوالہ دیا جس نے معالی معاونت ، ہیلتھ کیئر اور تعلیم کے ذریعے 90 لاکھ خاندانوں کو بااختیار بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عالمی سطح پر سماجی تحفظ کے بہترین ماڈلز میں سے ایک کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے پائیدار ترقی کے اہداف کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ پانچ سال میں خواندگی کو 90 فیصد تک بڑھایا اور ہر بچے کے سکول جانے کو یقینی بنایا جائے گا۔