کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر پی پی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ صوبائی خود مختاری پر پیپلز پارٹی کی پوزیشن واضح ہے،سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ شاہ محمود کیا پوری پارٹی مل کر عمران خان کو ری پلیس نہیں کرسکتی،صحافی نیویار ک آعیزہ عرفان نے کہا کہ ظہران ممدانی کو جوانوں کی زیادہ سپورٹ حاصل ہے۔نائب صدر پی پی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ حکومت نے ستائیسویں ترمیم کا مسودہ ہمارے ساتھ شیئر کیا ہے۔ یہ طے ہوا ہے کہ مسودہ پہلے قائمہ کمیٹی میں جائے گا باقاعدہ بحث ہوگی۔ بلاول بھٹو نے حکومت کو بتایا تھا کہ میں یہ معاملہ عوام اور پارٹی میں لے جاؤں گا۔ اٹھارہویں ترمیم کی صورت میں 1973 کا آئین اصل شکل میں بحال ہوا۔ صوبائی خود مختاری پر پی پی پی کی پوزیشن واضح ہے جو حکومت بھی سمجھتی ہے۔ بل کے خدوخال پر سی ای سی میں مشاورت ہوگی ۔ عوام کے حقوق پر کوئی یکطرفہ کلہاڑی تو نہیں مار سکتا۔