کراچی (اسٹاف رپورٹر ) دو روزہ انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس25 کا آغاز کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوا، جو پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے ساتھ بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ کانفرنس پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام اور وزارتِ بحری امور کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے، جس میں پالیسی ساز، بحری اور صنعتی امور کے ماہرین اور بین الاقوامی تجزیہ کار شرکت کر رہے ہیں تاکہ عالمی بحری امور پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کی اقتصادی بحالی اور پائیدار ترقی میں بحری شعبے کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ وزیر خزانہ و محصولات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلیو اکانومی کی بے پناہ وسائل کو قومی ترقی کے ایک اہم ستون کے طور پر بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔