کراچی(اسٹاف رپورٹر)عالمی یومِ آگاہی برائے سونامی کے موقع پر جامعہ کراچی کے طلبہ نے ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی دفاعی نظام کی بحالی کے عزم کے ساتھ کراچی کے ساحل کے قریب کیدرو جزیرہ (Kaderu Island)پر 2000سے زائد مینگرووز کے پودے لگائے۔ شعبہ ابلاغ عامہ کے سو سے زائد طلبہ نے ”مینگروو کرو“ (MangroveCrew’s)کے زیرِ اہتمام ایک منفرد ماحولیاتی و تعلیمی سفاری میں حصہ لیا، جس میں شجرکاری مہم کے ساتھ ساتھ ایکو ٹورزم اور قدرتی آفات سے آگاہی کے سیشن بھی شامل تھے۔یہ اقدام ساحلی بستیوں اور سمندری حیات کے تحفظ کے لئے ایک کمیونٹی پر مبنی کوشش ہے، جو بڑھتے ہوئے سمندری طوفانوں، لہروں کے تیز دباؤ اور بڑھتی ہوئی سطحِ سمندر کے خطرات سے دوچار ہیں۔ مینگرووز کے ختم ہونے سے یہ قدرتی حفاظتی حصار کمزور پڑ گیا ہے۔ چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ابراہیم حیدری، نذیر احمد بھٹو نے نوجوانوں کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں مینگرووز کی بحالی ایک قومی ضرورت بن چکی ہے۔