کراچی (اسٹاف رپورٹر) سلمان آغا کی فائٹنگ سنچری کے بعد حارث رئوف کےتباہ کن اسپیل کے باعث پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلا ون ڈے انٹر نیشنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد چھ رنز سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں 299 کے جواب میں منگل کی شب ناکام ٹیم 9وکٹ پر293 رنز بناسکی۔ مہیش ٹھیکشانہ 18گیندوں پر21رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ مہمان بیٹرز نے مزاحمت کی لیکن کوئی بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ وانندو ہسرنگا نے52 گیندوں پر59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ حارث رئوف نے61رنز دے کر چار، فہیم اشرف نے49اور نسیم شاہ نے55رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔ اوپنرزنسانکا اور کامل مشارا نے سری لنکا کو85 رنز کا آغاز دیا ۔ پہلا ون ڈے کھیلنے والے مشارا36 گیندوں پر38 رنز بنائے ۔ نسانکا کا کیچ سلمان آغا نے ڈراپ کیا انہوں نے39 گیندوں پر29 رنز کی اننگز کھیلی۔ حارث رئوف گیارہ گیندوں پر تین وکٹیں لے کر پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔ کوشال مینڈس پہلی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ سمارا وکرما اور کپتان اسالانکا نے 57رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ سمارا وکرما کا پہلی سلپ میں ناقابل یقین کیچ بابر اعظم نے حارث رئوف کی گیند پر لیا۔ انہوں نے48 گیندوں پر39رنز کی اننگز کھیلی۔ اسالنکا 32رنز بناکر محمد نوا ز کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے ۔ لیانگےکو28 رنز پر نسیم شاہ نے بولڈ کردیا۔ فہیم اشرف کمندو مینڈس اورچمیرا کو آئوٹ کیا۔ قبل ازیں سلمان علی آغا کی ناقابل شکست سنچری، حسین طلعت کے 62 اور محمد نواز کی 36 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کے باعث پاکستان نے 5 وکٹ پر 299 رنز بنائے۔ پاکستان نے آخری دس اوورز میں ایک وکٹ پر104رنز بنائے۔ سلمان علی آغا نے شاندار 87 گیندوں پر 105رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، اس دوران انہوں نے 9چوکے بھی لگائے۔ انہوں نے دوسری ون ڈے سنچری اور حسن طلعت نے پہلی نصف سنچری بنائی ۔ حسین طلعت صفر پر ہسرنگا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو تھے لیکن امپائر آصف یعقوب نے شک کا فائدہ بیٹسمین کو دیا۔ ایک موقع پرپاکستان کی 95 رنز پر 4 وکٹیں گر چکی تھی، سلمان علی آغا اور حسین طلعت کے درمیان 138 رنز کی شاندار شراکت نے پاکستان کو مستحکم پوزیشن پر لا کھڑاکیا، بعد ازاں، سلمان علی آغا اور محمد نواز نے 66 رنز کی مزید پارٹنر شپ لگا کر قومی ٹیم کو بڑا اسکور بنانے میں مدد دی۔ اوپنر صائم ایوب 14 کے مجموعی اسکور پر 6 رنز بنانے کے بعد فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ فخر زمان اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کی پارٹنرشپ میں 54 رنز بنائے ۔ فخر زمان 32 رنز بناکر ہسرنگاکی گیند پر اسٹمپ ہوگئے۔ محمد رضوان بھی 5 رنز بناکر ہسرنگا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے، بابر اعظم 51 گیندوں پر 29 رنز بناکر ہسرنگاکی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ وانندو ہسرنگا نے 3 وکٹیں 54رنز دے کرلیں۔ اسیتھا فرنینڈو اور مہیش ٹھیکشانہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 24 فاضل رنز بنے۔