کراچی (جنگ نیوز) سپراسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ اُن کا آخری میگا ایونٹ ہوگا، اس طرح فٹ بال کی تاریخ کا ایک شاندار کیریئر اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کلب اور بین الاقوامی میچوں میں 950 گول کرنے والے 40 سال کے فارورڈ نے منگل کو یہ بھی کہا کہ وہ ایک یا دو سال میں فٹ بال سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔ کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب میں اپنے قیام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں خوش ہوں، میرا خاندان خُوش ہے، ہم نے اس خُوب صورت ملک میں ایک نئی زندگی کا آغاز کیا۔ میں اس وقت بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں، گول کر رہا ہوں، رفتار اور تیزی برقرار ہے۔ رونالڈو نے تصدیق کی کہ اگلے سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والاورلڈکپ ان کے انٹرنیشنل کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ انہوں نے کہا میں گزشتہ 25 سالوں سے اس کھیل کا حصہ ہوں۔