کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد پاکستان افغانستان میں کارروائی کرسکتا ہے حالیہ واقعات میں افغان مداخلت کے ثبوت ثالثوں کے سامنے رکھے جائیں گے،سابق چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے کہا کہ افغانستان کی لیڈر شپ کو دور اندیشی سے کام لینا چاہیے ، پاکستان نے ساٹھ ٹرینگ سینٹر کے ثبوت بہت دفعہ افغانستان کو دیئے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہم جارحیت کا وار خالی نہیں جانے دیں گے بھرپور جواب دیں گے ۔ مذمت کرنا یا افسوس کا اظہار کرنا سچائی کا ثبوت نہیں ہوسکتا سچائی کا ثبوت اسی وقت ملے گا جب ان کی پناہ میں رہنے والے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ افغانستان کی جانب سے حملوں کی مذمت سچائی کا ثبوت نہیں ہوسکتی۔ وانا میں آرمی پبلک اسکول کی طرح بچوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔کابل میں مختلف گروہوں کی حکومت ہے جن کے اپنے مفادات ہیں۔