اسلام آباد ( خالد مصطفیٰ ) ایک تازہ پیشرفت کے طور پر پاکستان نے قطر سے درخواست کی ہے کہ 2026 کےلیے اس کے 29آر ایل این جی کارگوز اب کسی اور کو دے دیے جائیں پہلے یہ درخواست 24 کارگوز کی تھی ۔ پٹرولیم ڈویژن کے ایک سینئر عہدیدار نے ملک میں گیس کی طلب میں مسلسل کمی کا حوالہ دیتے ہوئے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’توقع ہے کہ قطری حکام 15 نومبر 2025 تک پاکستان کی اس درخواست پر اپنا ردعمل دیں گے۔ 24 کارگوز کسی اور کو دینے کے حوالے سے دوحہ سے پہلے ہی مثبت اشارے مل رہے تھے مگر تازہ درخواست اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ قومی سطح پر گیس کی کھپت میں مزید تخفیف ہوئی ہے ۔