اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)اسلام آباد تھانہ کھنہ کی حدود میں واقع ضیا مسجد کے کردونواع میں تجاوزات کے خلاف مجسٹریٹ کی بھرپور کارروائی بھاری جرمانے کے ساتھ ساتھ متعدد دوکاندار گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع اسلام آباد کے علاقے ضیاء مسجد مین بازار میں تجاوزات کے خلاف مجسٹریٹ ذیشان کی سربراہی میں بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ آپریشن کے دوران متعدد دکانداروں کو سرکاری زمین پر قبضہ کرنے اور فٹ پاتھوں پر غیر قانونی طور پر سامان رکھنے کے الزام میں موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مجسٹریٹ ذیشان طارق کی نگرانی میں عملے نے بازار میں قائم غیر قانونی تھڑے، ریڑھیاں اور دکانوں کے آگے بڑھائے گئے شیڈز ہٹا دیے۔ کارروائی کے دوران کئی دکانداروں نے مزاحمت بھی کی، تاہم انتظامیہ نے موقع پر قابو پا کر تمام تجاوزات کو ختم کر دیا۔کارروائی کے بعد مجسٹریٹ ذیشان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں کسی کو بھی سرکاری زمین پر قبضہ کرنے یا عوامی راستہ بند کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عوامی حلقوں نے مجسٹریٹ ذیشان اور انتظامیہ کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام شہر میں قانون کی عملداری اور نظم و ضبط قائم رکھنے کی سمت ایک مثبت قدم ہے۔