صوابی( نیوزایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے مستعفی ہونے والے ججز آگے بڑھ کر ہماری تحریک کو قیادت کریں، پوری قوم انکے ساتھ ہوگی، ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے مراعات چھوڑ کر انصاف کا ساتھ دیا،21 نومبر کو غیر آئینی قوانین اور ریاستی جبر کیخلاف یوم سیاہ منایا جائیگا۔ صوابی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے جن ججز نے قربانی دے کر استعفیٰ دیا ہے، وہ پاکستانی قوم کے ہیرو ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ تحریک میں کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اور ایران کو سوچنا ہوگا کہ خطہ جنگ کا میدان بنے گا یا امن کی جانب بڑھے گا، پاکستان اور افغانستان کو مذاکرات کے ذریعے تنازعات حل کرنے چاہئیں ۔