ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس کمشنر آفس ساہیوال میں منعقد ہوا جس میں سپریٹنڈنگ انجینئرآپریشن میپکو ساہیوال سرکل ناصر محمود فانی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی، انہوں نے ڈی سی سی کو اجلاس میں بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ میپکو ساہیوال سرکل کی ٹیمیں ضلع ساہیوال اور ضلع پاکپتن میں بجلی چوری کی روک تھام کے لئے متحرک ہیں اور ستمبر 2023ء سے اب تک ضلع ساہیوال اور پاک پتن میں بجلی چوری کے8663 کیسز کا سراغ لگا کر صارفین کو81 کروڑ56 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاگیا، اسی عرصے کے دوران 7069صارفین سے بجلی چوری کی مد میں 55 کروڑ روپے وصول کرکے خزانے میں جمع کروائے گئے جو کل بجلی چوری کی مالیت کا 67.47 فیصد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران میپکوساہیوال فرسٹ ڈویژن میں 1614، ساہیوال IIڈویژن میں 1093، چیچہ وطنی ڈویژن میں 1134، پاکپتن ڈویژن میں 2436 اور عارف والا ڈویژن میں 2386 چوری کے کیس رپورٹ ہوئے۔