کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان سپر لیگ فرنچائز ملتان سلطانز کو الوداع کہنے کا فیصلہ کرلیا۔ منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر رہنے کا مطلب اصولوں سے سمجھوتہ کرنا ہی ہے تو میں ایک ہی انتخاب کرسکتا ہوں اور وہ ہے الوداع۔ براہ کرم نئے لوگوں کو اسی جذبے کے ساتھ سپورٹ کرتے رہیں۔ آپ مجھے بھی شائقین کی سیٹوں میں بیٹھ کر انہیں بھی سپورٹ کرتا ہوا دیکھیں گے۔ جانتا ہوں کہ میں ہر کسی کو پسند نہیں اور مجھے اس پر کوئی اعتراض بھی نہیں لیکن میں ہمیشہ ایماندار رہا ہوں۔ سالہا سال مالی نقصانات کے باوجود میں نے کبھی بھی چھوڑ کر جانے کے بارے میں نہیں سوچا۔ سُلطانز میرے لیے ہمیشہ صرف اعداد و شمار سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔