راولپنڈی(جنگ نیوز/ایجنسیاں)بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ پر دیگر رہنماؤں کے ہمراہ دھرنا دے دیا۔ گورکھپور ناکے پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، پولیس نے سہیل آفریدی کو جیل کی طرف جانے سے روک دیا۔وزیراعلیٰ نے پولیس سے کہا کہ یہ نفرتیں اور تلخیاں پاکستان کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہیں، آٹھویں بار شرافت سے آرہا ہوں‘ہمارے پاس آخری راستہ بھی ہے اس پر غور کیا جا رہا ہے۔ ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرنےحکمران جماعت کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے قومی اسمبلی میں ہمارے دن تھوڑے رہ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے اڈیالہ روڈ پہنچے جہاں پولیس کی بھاری نفری نے انہیں فیکٹری ناکے پر روک لیا ۔اڈیالہ روڈ پر فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طبیعت ناسازی سے متعلق خبروں پر سخت تشویش ہے اور ملاقات کے ذریعے اسے تشویس کو دور نہ کیا گیا تو پوری قوم سڑکوں پر ہو گی۔ بانی کی ہدایت پر حکومت سے مذاکرات ہوئے لیکن ان کے پاس تو کوئی اختیار ہے ہی نہیں، جو 8 فروری کو ہوا وہی 23 نومبر کو بھی ہوا۔