• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاندار کیریئر کے بعد اعصام الحق انٹرنیشنل ٹینس سے ریٹائر

کراچی (شکیل یامین کانگا) ٹاپ پاکستانی ٹینس اسٹار اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اب انٹرنیشنل ایرینا میں پاکستان کی نمائندگی کرتے نظر نہیں آئیں گے۔ اعصام الحق نے سب سے زیادہ انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور سب سے زیادہ ایونٹس جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ انہوں نے چیلنجر کپ کے مینز ڈبلز فائنل میں شکست کے بعدکیا۔ اسلام آباد میں فائنل میں اعصام کو مزمل مرتضیٰ کے ساتھ حریف جوڑی سے شکست کا سامنا رہا۔ اعصام الحق نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران 18 اے ٹی پی ورلڈ ٹور ٹائٹل جیتے۔ 28 اے ٹی پی چیلنجر ٹائٹل ان کے نام رہے ، ساتھ ساتھ انہوں نے ڈبلز میں 17 آئی ٹی ایف فیوچر ٹائٹلز بھی اپنے نام کیے ۔ اعصام الحق نے سنگلز میں 5 آئی ٹی ایف ٹائٹل حاصل کیے ۔ اعصام الحق اور عقیل خان کی جوڑی نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ڈیوس کپ مقابلوں میں حصہ لیا۔ ڈیوس کپ میں سنگلز، ڈبلز اور مجموعی طور پر سب سے زیادہ میچ جیتنے کا بھی اعصام الحق کو اعزاز حاصل رہا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ ملک میں ٹینس کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ جنگ سے گفتگو میںان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سربراہ کی حیثیت سے توجہ عالمی سرکٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو زیادہ زیادہ مواقع فراہم کرنے پر ہے۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے پاکستان زیادہ زیادہ عالمی ایونٹس اور میچز کی میزبانی کیلئے بھی بات چیت کی۔

اسپورٹس سے مزید