اسلام آباد ( نیوز ر پورٹر)صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے ملاقات کی، مصری وزیرِ خارجہ کی تعاون بڑھانے کی خواہش، دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی و عالمی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا ۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہےجو مشترکہ عقیدے اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ ان تعلقات کو زیادہ منظم اور مستقبل پر مبنی تعاون میں تبدیل کریں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان سفارتی تعلقات کے 77سال مکمل ہونے کے تناظر میں تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔