لاہور(اپنے نامہ نگار سے)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نےپنجاب کی طرف پورا دھیان نہیں دیا،اس کوتاہی کو تسلیم کرنا چاہیے،سندھ کے ارکان اسمبلی کو کہتا رہتا ہوں کہ پنجاب کی طرف بھی دھیان دیں،پنجاب مضبوط ہو گا تو وفاق بھی مضبوط ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میںپاکستان پیپلز پارٹی کے 58ویں یوم تاسیس پر بلاول پارک ایچیسن سوسائٹی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ97ء میں ہم نے قومی اسمبلی میں صرف 17نشستیں ہونے کے باوجود ن لیگ کی حکومت کو اتنا تنگ کیا کہ نواز شریف شریف قومی اسمبلی میں نہیں آتا تھا، عمران خان سے یہ غلطی ہوئی کہ اس نے اسمبلیوں سے استعفیٰ دیدیا،میں تجویز کرتا ہوں کہ چیئرمین بلاول بھٹو مخلص جیالوں پر مشتمل خود احتسابی کمیٹی بنائیں۔ پنجاب تو پیپلز پارٹی کا گڑھ تھا،سندھ میں وڈیروں کی شمولیت کے بعد پارٹی مضبوط ہوئی،بی بی شہید کی حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی جو ہم نے جیت لی۔جلسے سے امتیاز صفدر وڑائچ ، فیصل میر، زاہد ذوالفقار،شاہدہ جبیں اور عارف خان نے بھی خطاب کیا۔ جلسے کے آخر میں چیئرمین بلاول بھٹو کی تقریر لاہور سمیت ملک بھر میں براہ راست دکھایا گیا جبکہ آخر میں یوم تاسیس کا 58پاؤنڈوزنی کیک بھی کاٹا گیا ۔