کوئٹہ/ تربت ( اسٹاف رپورٹر/ نامہ نگار) تربت ہوشاب کی سول آبادی پر مسلح افراد کا مارٹر گولہ سے حملہ ایک بچی جاں بحق جبکہ تین بچیاں شدید زخمی ہو گئیں اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے ایم 8 شاہراہ کو ہوشاب کے مقام پر بلاک کردیا۔سیکورٹی فورسز نے پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا پولیس ذرائع کے مطابق تربت کے علاقے ہوشاب میں گزشتہ شام چار بچیاں یاسمین بنت ناصر۔ ادریس دردانگ بنت خالد آسیہ بنت شمبئے اورطاہرہ بنت خالد گھر کے سامنے کھیل رہیں تھیں کہ قریبی پہاڑسے مسلح افراد نے مارٹر گولہ فائر کیا جو گھروں کے سامنے گر کر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں چاروں بچیاں شدید زخمی ہو گئیں اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں یاسمین بنت ناصر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی دوسری جانب واقعے کے خلاف اہل علاقہ نے ایم 8 شاہراہ کو ہوشاب کے مقام پر بلاک کر کے احتجاج کیا دوسری جانب سیکورٹی فورسز نے پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔