پشاور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان انجینئرز فورم خیبر پختونخوا کا اجلاس فورم کے صوبائی صدر انجینئر قاضی محمد نعیم کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری انجینئر ڈاکٹر خان شہزادہ اور فورم کے دیگر اہم اراکین نے شرکت کی۔ صدر فورم نے پاکستان میں انجینئرز کی بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سرکاری محکموں میں انجینئرز کی تمام خالی آسامیوں کو فوری طور پر پر کیا جائے۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل پاکستانی انجینئرز کے لئے بیرونی ممالک میں ملازمتوں کے مواقع تلاش کرنے اور ان کا انتظام کرنے کے اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انجینئرز فورم، صوبے اور پورے ملک میں انجینئرنگ کے شعبے کی ترقی، دیانت داری اور شفافیت کے فروغ، اور انجینئرز کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔فورم نے صوبے میں انجینئرز خصوصاً نوجوان انجینئرز تک بہتر رسائی کیلئے سنٹرل، ہزارہ، ناردرن اور سدرن، چار ریجنل یونٹس کے قیام اور مضبوطی کا فیصلہ کیا۔ ہر ریجن کے صدر کی جانب سے ڈسٹرکٹ نمائندگان نامزد کئے جائیں گے ۔