• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم ٹرافی فائنل: عثمان اور عبداللّٰہ نے کراچی کی اننگز مستحکم کردی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی بلوز نے دفاعی چیمپئن سیالکوٹ کے خلاف قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 71 اعشاریہ ایک اوورز کی بیٹنگ میں 285 رنز بنائے تھے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ عثمان خان نے بھی ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 80 رنز اسکور کیے اور وہ کریز پر موجود ہیں۔ ان کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹرکاشف بھٹی نے 11 رنز بنائے ہیں۔ قذافی ا سٹیڈیم میں پانچ روزہ فائنل کا ٹاس سیالکوٹ نے جیت کر کراچی بلوز کو بیٹنگ دی ۔ سعد بیگ اور عبداللہ فضل نے اپنی ٹیم کو 80 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ سعد بیگ 8 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ سعد بیگ کے اس ٹورنامنٹ میں بنائے گئے رنز کی تعداد 969 ہوچکی ہے جس میں 4 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔عبداللہ فضل نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 88 رنز بنائے جس میں 10چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ان کی وکٹ اسامہ میر نے حاصل کی۔ ایک اچھے اوپننگ اسٹارٹ کے بعد کراچی بلوز کی 4 وکٹیں 45 رنز کے اضافے پر گرگئیں۔ شان مسعود 13، ہارون ارشد 15 اور کپتان سعود شکیل صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر عبداللہ فضل نے عثمان خان کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 98 رنز کا اضافہ کیا۔ رمیز عزیز نے 4 چوکوں کی مدد سے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ سیالکوٹ کی جانب سے محمد حسنین اور حسن علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد علی اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔