• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صائم نمبر ون ٹی 20 آل راؤنڈر، نواز کی بھی بلند پرواز، نئی عالمی رینکنگ جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹیم کی مسلسل اچھی کارکردگی کی بدولت پاکستانی کرکٹرز آئی سی سی رینکنگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کررہے ہیں۔ پاکستان کی فتوحات میں محمد نواز کی کارکردگی سب سے اہم رہی ہے۔ آئی سی سی نے بدھ کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی، صائم ایوب ایک بار پھر نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔ سری لنکا کے خلاف ٹرائی سیریز فائنل میں 36 رنز اور ایک اہم وکٹ نے ان کی رینکنگ میں اہم کردار ادا کیا، وہ زمبابوے کے سکندر رضا کی تنزلی کے بعد پہلی پوزیشن حاصل میں کامیاب ہوئے۔ محمد نواز آل راؤنڈرز میں ساتویں نمبر سے چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ بھارت کے ابھیشیک شرما بیٹنگ میں پہلے جبکہ انگلینڈ فل سالٹ دوسر نمبر پر ہیں۔ صاحبزادہ فرحان دو درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ اسپنر ابرار احمد آٹھویں سے چوتھی پوزیشن جبکہ محمد نواز 2 درجہ ترقی کے بعد 11 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ بابر اعظم کی ون ڈے رینکنگ میں بدستور چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔ بھارتی اسٹار ویرات کوہلی ایک درجہ ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئے ۔ روہت شرما بدستور پہلے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور افغانستان کے ابراہیم زدران تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ یاد رہے کہ محمد نواز جولائی 2025 میں فلوریڈا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 21.52 کی اوسط سے 7 وکٹ لے کر مین آف دی سیریز رہے جبکہ اگست 2025 میں شارجہ میں پاکستان، افغانستان اور یو اے ای سیریز کے 5 میچوں میں 120 رنز اور 10 وکٹ کے ساتھ بہترین کھلاڑی بن کر سامنے آئے۔ نومبر 2025 میں راولپنڈی میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے ٹرائی سیریز میں 52 رنز اور 10 وکٹ لے کر سیریز کے بہترین کھلاڑی بنے، 2025 میں نواز 26 ٹی 20 میچز میں 4 مرتبہ بہترین کھلاڑی بننے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے اس دوران 74.4 اوورز کروائے اور 490 رنز دیے۔ 13.16 کی اوسط سے 2025 ٹی 20 کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ 36 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد نوازنے 19.05 کی اوسط سے 362 رنز اسکور کئے، بہترین اسکور ناٹ آؤٹ 38 رنز رہا جبکہ 138.16 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلتے ہوئے وہ 24 چوکے اور 21 چھکے لگانے میں کامیاب رہے۔

اسپورٹس سے مزید