کوئٹہ(نمائندگان جنگ)حکومت بلوچستان نے بیرونِ ملک بیٹھے کالعدم تنظیموں کے سربراہان، اہم کمانڈرز اور 300 سے زائد دہشت گرد عناصر کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کے ریڈ نوٹسز کے اجراء اور عالمی عدالتوں میں مقدمات چلانے کا فیصلہ کیا ہے یہ فیصلہ جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقد ہونے والے ایک غیر معمولی اور اہم نوعیت کے اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیرونِ ملک موجود دہشت گرد رہنماؤں کے مقامی سہولت کاروں سے روابط، کال ریکارڈنگز، مالی معاونت اور دیگر شواہد مکمل طور پر دستاویزی شکل میں موجود ہیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عالمی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائینگے، مقامی سہولت کاروں سے لے کر بیرونِ ملک بیٹھے سربراہان تک بھرپور اور فیصلہ کن انداز میں کارروائی ، کالعدم بی ایل اے، بی آر اے، بی ایل ایف، یو بی اے، بی آر جی اور لشکر بلوچستان کے سربراہان اور کمانڈرز کے خلاف درج مقدمات کی پراسیکیوشن کو تیز کرتے ہوئے تمام شواہد عالمی معیار کے مطابق ریکارڈ کا حصہ بنائے جائیں۔