• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھوٹکی، کندھ کوٹ سڑک اور پل منصوبے پر کام کا دوبارہ آغاز ہوگیا، وزیراعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ گھوٹکی کندھ کوٹ سڑک اور پل منصوبہ پر کام کا دوبارہ آغاز ہوچکا ہے، یہ جون 2027 میں افتتاح کے لئے تیار ہوگا۔ انہوں نے یہ فیصلہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ بورڈ کے 49 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جہاں منصوبے کی نئی ٹائم لائنز، تعمیراتی پیش رفت، لاگت میں اضافہ اور سیکیورٹی چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، وزیر آبپاشی جام خان شورو، وزیر ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری، معاون خاص سید قاسم نوید، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، ایم پی اے غلام قادر چانڈیو، ڈاکٹر سروش لودھی اور بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ کو منصوبے کی عملدرآمد کی تاریخ، لاگت اور ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ نکات پر بریفنگ دی گئی۔ گھوٹکی کندھ کوٹ پل منصوبہ محکمہ ورکس اینڈ سروسز نے شروع کیا تھا جبکہ کنسیشن معاہدہ مئی 2018 میں دستخط ہوا تھا۔ انڈس ریور کمیشن (آئی آر سی) نے تین کلومیٹر طویل پل کے لیے ابتدائی ہائیڈرولک ڈیزائن کی منظوری دی تھی اور تعمیر کا آغاز اگست 2020 میں کیا گیا۔ سنہ 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے بعد آیہ آر سی نے اپنے 187 ویں اجلاس میں مشاہدہ کیا کہ وہ پل جو بینک ٹو بینک تعمیر کیے گئے تھے، ساختی طور پر مضبوط ثابت ہوئے اور سیلابی پانی کو بغیر رکاوٹ گزرنے دیا۔ لیکن جو پل بینک ٹو بینک تعمیر نہیں ہوئے تھے، انہوں نے مسئلہ پیدا کیا اور حفاظتی پشتوں پر دباؤ بڑھایا۔ اسی لیے آئی آر سی نے فیصلہ کیا کہ دریائے سندھ پر آئندہ تمام پل بینک ٹو بینک تعمیر کیے جائیں۔ نتیجتاً گھوٹکی کندھ کوٹ پل کی لمبائی 3 کلومیٹر سے بڑھا کر 12.2 کلومیٹر کردی گئی، جس سے منصوبے کے دائرہ کار، ٹائم لائن اور لاگت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنا پڑیں۔ ان تبدیلیوں کو شامل کرتے ہوئے کنسیشن اور EPC کے ترمیم شدہ معاہدے 2023 میں دستخط ہوئے۔ منصوبے کی موجودہ لاگت 32 ارب روپے ہے جبکہ شیڈول کے مطابق تکمیل کی تاریخ جون 2029 ہے۔

ملک بھر سے سے مزید