نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارت روس کے کئی معاہدے، تجارت 100ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف، مودی اور پوٹن کا تعلقات مضبوط کرنے اور2030 تک اقتصادی تعاون کےنئے منصوبے پر اتفاق، روس کی ایندھن فراہمی اور سب سے بڑےبھارتی جوہری پاور پلانٹ کی تعمیر جاری رکھنے کی یقین دہانی۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے نئی دہلی میں ہونے والی سربراہی ملاقات میں توانائی، دفاع، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے کئی معاہدوں پر دستخط کیے اور 2030 تک اقتصادی تعاون کے نئے پروگرام پر اتفاق کیا۔ روس نے بھارت کو ایندھن کی بلا رکاوٹ فراہمی اور کُڈانکُلم میں بھارت کے سب سے بڑے جوہری پاور پلانٹ کی تعمیر جاری رکھنے کا یقین دلایا، جبکہ بھارت نے دہائیوں پرانے اعتماد پر مبنی تعلقات کو "راہ دکھانے والا ستارہ" قرار دیا۔ امریکا کے دباؤ اور ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد تجارتی ٹیرف کے باوجود دونوں رہنماؤں نے کہا کہ روس بھارت تعلقات بیرونی دباؤ کے سامنے مضبوط کھڑے ہیں اور تجارت کو 100 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے روس بھارتی برآمدات میں اضافہ چاہتا ہے۔