کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ڈیفنس میں مسلح ملزمان تاجر کے گھر سے پانچ کروڑ سے زائد کی واردات کر کے فرار ہو گئے، وارادت میں گھریلو ملازم بھی شامل تھا۔ درخشاں تھانے میں گھر کے مالک علی خانزادہ کی جانب سے درج کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیفنس فیز 5 خیابان مجاہد مکان نمبر 51 کے رہائشی ہیں اور تاجر ہیں۔ مدعی کے مطابق ان کے گھر پانچ کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔ مدعی کے مطابق گھریلو ملازم بلال اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں داخل ہوا اور میری نانی کو چھری اور اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر ڈکیتی کر کے فرار ہو گیا۔ مدعی کا دعویٰ ہے کہ ملزمان نے گھر سے 90 لاکھ سے زائد مالیت کے 20 تولے کے کڑے،پانچ انگھوٹیاں، 10 طلائی سیٹ، ہیروں کا ہار، انگوٹھیاں، رنگ، بالیاں اور ثقافتی ہار، قیمتی 3 گھڑیاں، سونے کے دو بسکٹ اورالماری میں رکھے 4 لاکھ کیش لوٹا اور گھر میں کھڑی موٹر سائیکل لے کر فرار ہو گئے۔