کراچی( اسٹاف رپورٹر) مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان (MAP) نے کراچی میں 40ویں کارپوریٹ ایکسی لینس ایوارڈز تقریب (CEA) کا انعقاد کیا، تقریب میں پاکستان کے کارپوریٹ شعبے میں 4 دہائیوں سے بہترین کارکردگی، مضبوط حکمرانی اور عمدہ مینجمنٹ طریقہ کار کے فروغ کا جشن منایا گیا۔حکومتِ سندھ کے وزیر برائے محنت، انسانی وسائل اور سماجی تحفظ سعید غنی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور صنعتی و مالیاتی دونوں شعبوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کو ایوارڈز پیش کیے۔سعید غنی نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کی نمائندگی کی جو اسلام آباد میں نیشنل فنانس کمیشن کے اجلاس میں شریک تھے۔اپنے خیرمقدمی خطاب میں MAP کے صدر سینیٹر سرمد علی نے کہا کہ یہ ایوارڈز MAP کے سفر کا ایک سنگِ میل ہیں ، انہوں نے 1964 سے مینجمنٹ ایکسی لینس کے فروغ کے لیے ایسوسی ایشن کے طویل المدت عزم کو دہرایا۔