• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج کیخلاف بھارتی اشتعال انگیزی مسترد، پاکستان ذمہ دار ریاست، تمام ادارے بشمول فوج قومی سلامتی کے مضبوط ستون، دفتر خارجہ

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے پاکستانی افواج سے متعلق بیان کو بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار دیتےہوئے مسترد کر دیا۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ذمہ دار ریاست، تمام ادارے، بشمول فوج، قومی سلامتی کے مضبوط ستون،بھارتی قیادت کی پاکستان کے ریاستی اداروں بدنام کرنے کی کوششیں پراپیگنڈا مہم کا حصہ، مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا، کوئی پروپیگنڈا اس حقیقت کوجھٹلا نہیں سکتا کہ پاک فوج نےمئی میں بھارتی جارحیت کیخلاف ملک اورقوم کا بھرپور دفاع کیا، بھارت گمراہ کن بیانات دینے کے بجائے اپنی فسطائی سوچ کا جائزہ لے، پاکستان پر امن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے ،تاہم اپنے خودمختاری کے دفاع کیلئے متحد و مضبوط ہے۔ اتوار کے روز بھارتی وزیرِ خارجہ کے حالیہ بیان سے متعلق میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان بھارتی وزیرِ خارجہ کے انتہائی اشتعال انگیز، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کرتا ہے اور اسکی شدید مذمت کرتا ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اسکے تمام ادارے، بشمول مسلح افواج، قومی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں جو ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پرعزم رہتے ہیں۔ مئی 2025 کے تنازع نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کو واضح طور پر ثابت کیا۔ کوئی بھی پراپیگنڈا اس حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا۔بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں اور قیادت کو بدنام کرنے کی کوششیں ایک ایسے پراپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد بھارت کے خطے میں عدم استحکام پھیلانے والے اقدامات اور پاکستان میں اسکی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا ہے۔

اہم خبریں سے مزید