کراچی(اسٹاف رپورٹر ) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے ادارہ نورحق میں کراچی کا تباہ حال انفرااسٹر کچر، عوامی مسائل اور شہری و بلدیاتی امور کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ کراچی اس وقت حادثات کا شکار ہے، شہر کا ہر مسئلہ جوں کا توں ہے اور حکمران مکمل طور پر غافل ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت اور کرپشن نے کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، پورا شہر کھنڈر کا منظر پیش کر رہا ہے،شہر کی سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹی ہوئی ہیں جبکہ بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ شہریوں کی جانیں لے رہا ہے،ساڑھے 26 کلومیٹر کا یہ منصوبہ تین سے چار سال میں بھی مکمل ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ شہر کے مرکزی چوراہوں کو بغیر کسی پلان کے اکھاڑ دیا گیا ہے اور کوئی مناسب متبادل راستہ فراہم نہیں کیا گیا۔قابض میئر مرتضیٰ وہاب نے 60دن میں سڑکیں قابلِ استعمال کرنے کا دعویٰ کیا تھا مگر معلوم نہیں 60دن کب شروع ہوں گے۔ شہر میں گٹر ابل رہے ہیں اور سڑکیں گڑھوں کا مجموعہ بن چکی ہیں۔جماعت اسلامی نے اپنے ٹاؤنز میں دو سال کے دوران اپنی مدد آپ کے تحت ہزاروں مین ہول کور لگائے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نیت ٹھیک ہو تو کام ممکن ہے۔