پشاور (این این آئی)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بدنصیبی ہے ملک کے آئینی سربراہ ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہیں، گورنر راج قانون میں انتہائی قدم ہے، اگر خیبرپختونخوا میںگورنر راج ہوتا ہے تو پھر سب صوبوں میں گورننس حالات ایسے ہیں وہاں بھی گورنر راج لگا دیں۔پشاور پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ یہاں سربراہ ملک میں فریق بن گئے، وفاق اور صوبہ ایک دوسرے کو برداشت کریں، ہمارا سیاست میں ایک مقصد ہے ملک کی فلاح ہو ملک ترقی کرسکے، مقصد کرسی نہیں ہے مقصد عوام اور ملک کی خدمت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کا صرف ایک راستہ ہے ملک آئین و قانون پر چلے، پاکستان وہ ملک ہے جس کا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں اور نوجوان تعلیم چاہتا ہے، روزگار، کاروبار کے مواقع چاہتا ہے۔انہوںنے کہا کہ جہاں سیاسی استحکام نہیں ہوگا وہاں سرمایہ کاری نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی کرسی کو طول نہ دیں اس سے نظام میں بگاڑ پیدا ہوگا۔