کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ اور چیئرمین سندھ ایمپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن سعید غنی نے کہا ہے کہ سیسی کے تحت بینظیر مزدور کارڈز کے اجراء کے کام کو مزید تیز کیا جائے مزدوروں اور محنت کشوں کو صحت کی اعلیٰ اور بروقت سہولتوں کی فراہمی کے لئے اسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اقدامات کئے جائیں ،سیسی کے تحت ایک مکمل سہولتوں سے بھرپور کینسر اسپتال کی بھی فزیبلٹی بنائی جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیسی کی 175 ویں گورننگ باڈی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سیکرٹری محنت سندھ اسد اللہ ابڑو، کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو، ارکان گورننگ باڈی انجنئیر عبدالجبار، دانش خان ، محمد خان ابڑو، عبد الوحید شورو، زہرہ خان، مختار حسین اعوان، میڈیکل ایڈوائزر سیسی ڈاکٹر سعادت میمن و دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں گلشن اقبال اور ملیر میں سیسی کے دو ڈائریکٹوریٹ اور ڈسپنسری اسکیم 33 اور شاہ لطیف ٹاؤن میں فی الحال کرایہ کی جگہ پر تعمیر کرنے کے لئے 6 ماہ کے کرایہ کی منظوری دی گئ اجلاس میں سیسی کے ریٹائرڈ ملازمین کو صحت کی مفت سہولتوں کی فراہمی کے ایجنڈے پر ارکان گورننگ باڈی نے اس پر سیسی کے قانون کے مطابق دینے کی ہدایات دی۔