• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ صحت سے ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے صوبے میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے دائررٹ پٹیشن پر محکمہ صحت سے ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی جبکہ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ڈی جی صحت کو ہدایت دی کہ آپ ہمیں رپورٹ دیں، کیا اقدامات کئے گئے، کہاں پر مشکلات ہے اور کہاں پر چیزوں کی کمی ہے ڈینگی کے کتنے مریضوں کا علاج کیا گیا ہے اور کیا ڈینگی کے مریضوں کا علاج پیسے لیکر کیا گیا ہے؟ عدالت کو اگلی پیشی پر آگاہ کیا جائے ۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے سماعت شروع کی تو اس موقع پر عدالت میں ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمانخیل، ڈی جی ہیلتھ شاہین آفریدی، اے اے جی نعمان الحق کاکاخیل اور درخواست گزار وکیل نعمان محب کاکاخیل پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے ڈی جی ہیلتھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پتہ ہے کہ کیوں آپ کو بلایا ہے، ڈی جی ہیلتھ شاہین آفریدی نے عدالت کو بتایا کہ جی ڈینگی کیس میں عدالت نے بلایا ہے ۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ڈینگی کی روک تھام صرف ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا نہیں بلکہ، 19 محکمے اس میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں اسکے ساتھ ساتھ ہر سال جنوری میں ڈینگی روک تھام کے حوالے کے لئے ایکشن پلان تیار کیا جاتا ہے اور ڈینگی روک تھام کے حوالے سے 19 محکمے اس میں حصہ لیتے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ اتنا بھی مشکل نہیں ہے، ڈی جی صحت نے عدالت کو بتایا کہ ڈی پی او کو ہم نے ابھی تک اس میں آن بورڈ نہیں لیا، اس بار اس پر کام کریں گے، چیف جسٹس نے کہا کہ آپ ہمیں رپورٹ پیش کریں کہ کیا مشکلات ہیں ، ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختون خوا نے عدالت کوبتایا کہ ڈینگی کے حوالے سے صوبائی حکومت نے اقدامات کئے ہیں فاضل بنچ نے ڈینگی کی روک تھام کے لئے کی جانے والی اقدامات کے حوالے سے محکمہ صحت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور سماعت ملتوی کردی۔

پشاور سے مزید