پشاور ( لیڈی رپورٹر) جماعت اسلامی کی میٹروپولیٹن ڈسٹرکٹ ممبر پشاور ناصرہ عبادت نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نظام اپنی مدت پوری کر چکا ہے، اس لئےوزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی موجودہ بلدیاتی نظام میں مزید مدت کی توسیع کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے پورے دورِ حکومت میں نہ انہیں اختیارات دئیے گئے اور نہ ہی فنڈز فراہم کئے گئے، جس کے باعث وہ عوامی مسائل حل کرنے میں مؤثر کردار ادا نہ کر سکے۔ ان حالات میں فوری نئے انتخابات کرانا نہ صرف وقت کا ضیاع ہوگا بلکہ اس پر بھاری مالی اخراجات بھی آئیں گے۔ ناصرہ عبادت نے مطالبہ کیا کہ موجودہ بلدیاتی نظام کو کم از کم چار سال کی مزید مدت دی جائے تاکہ منتخب نمائندے نچلی سطح پر عوام کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے فعال ہوں گے تو عوامی مسائل حقیقی معنوں میں حل ہوں گے، جبکہ حکومت پر انتخابات کے بھاری اخراجات کا بوجھ بھی نہیں پڑے گا۔