کراچی (محمد ناصر) کراچی کے علاقے کورنگی کی گلیوں سے اُبھرتی سریلی آواز آج پاکستان آئیڈل کے اسٹیج پر سب کے دل جیت رہی ہے۔ ٹاپ 16 میں جگہ بنانے والے نوجوان گلوکار وقار حسین نے اپنی محنت، لگن اور خاندانی موسیقی ورثے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقابلے میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔وقار حسین کامیابی کیلئےپر عزم ہیں، انہوں نے جیو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بچپن سے موسیقی کا جنون تھا،گھر والے بے حد پیار کرتے ہیں لیکن موسیقی پر سمجھوتہ نہیں کرتے، نصرت فتح علی کے خاندان سے تعلق، والد ستارہ نواز، بھائی کی بھی موسیقی سے وابستگی ہے۔وقار حسین کا تعلق اُس معروف موسیقی گھرانے سے ہے جس کی خوشبو صوفی موسیقی کے عظیم استاد نصرت فتح علی خان کے فن کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلی۔ وقار کو بچپن سے موسیقی سے جنون کی حد تک شوق رہا ہے اور یہی جذبہ اب اُن کے گھرانے کی نئی نسل میں بھی نظر آتا ہے۔