اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 دسمبر کا دن دشمن کی یاد دہانی کیلئے کافی ہے کہ پاکستان کی آبی سرحدیں آہنی ہاتھوں میں ہیں،پاکستانی قوم کو پاک بحریہ کے افسران اور عملے اور ہنگور آبدوز جیسے بیش قدر اثاثوں پر فخر ہے، 1971 میں پاک بحریہ کے افسران نے اپنی جرات، دلیری اور بہادری سے آبی سرحدوں کی حفاظت کو قومی تاریخ میں ہمیشہ کیلئے امر کردیا۔وزیر اعظم نے یہ بات پاک بحریہ کے یادگار ’’ہنگور ڈے‘‘ 9 دسمبر 2025 پر اپنے پیغام میں کہی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ 9 دسمبر 1971 کو پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے اپنے افسران اور عملے کی قیادت میں بے مثال کارکردگی سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر ثابت کیا۔