کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو تفتیشی افسر تبدیل کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل آئینی بینچ کے روبرو لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ پولیس حکام نے رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق ایف بی ایریا سے لاپتا شہری گھر واپس پہنچ گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شکر کریں شہری واپس آگیا ہے۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ 2 شہریوں کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ جسٹس عبد المبین لاکھو نے استفسار کیا کہ کیا اقدامات کیئے گئے، لاپتا شہری کہاں سے رہائشی تھے؟ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سی سی ٹی وی دیکھی گئی، کسی سے پوچھ گئی کی؟سب انسپکٹر رینک کا افسر لاپتا افراد کے کیس کی تفتیش نہیں کرسکتا۔ عدالت نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو تفتیشی افسر تبدیل کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ٹھوس تحقیقات کرکے15جنوری کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔